لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے اہلخانہ کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔ شہباز شریف نے آزادی مارچ کے حوالے سے سی ای سی اجلاس اور بلاول بھٹو کے ساتھ ہونے والی مشاورت پر اعتماد میں لیا۔
سابق وزیر اعظم کی ملاقات کے لیے شریف فیملی کے افراد کی بیٹھک لگی۔ جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف سے مریم نواز کی بھی آج پہلی بار ملاقات کرائی گی، دونوں کی ملاقات کے موقع پر خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے نواز شریف کو مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ذرایع کے مطابق شہباز شریف نے سی ای سی اجلاس اور بلاول بھٹو کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا احوال بتایا جبکہ مولانا فضل الرحمن کا خصوصی پیغام بھی نواز شریف کو دیا۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان حکومت کے خلاف پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے پر اتفاق ہوا۔