اسلام آباد: (دنیا نیوز) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، این اے 265 میں پاؤں کے انگوٹھے لگائے گئے، الیکشن کمیشن سے نااہل شخص کی وجہ سے اجلاس ملتوی کرنا شرم ناک ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا قاسم سوری کے انتخابات کا نوٹیفکیشن روکنے کیلئے پارلیمنٹ کی توہین کی گئی، آج بھونڈے طریقے سے اجلاس ختم کیا گیا، اگلے ہفتے بھی چلنا تھا، سپیکر صاحب نے جس طرح اجلاس ملتوی کیا اس کی مثال نہیں ملتی، حکومتی رکن کی کورم کی نشاندہی پر اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کیا گیا۔
یاد رہے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کر دیا گیا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں اجلاس 4 اکتوبر تک جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب سے بچنے کیلئے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا گیا۔