اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن رواں ماہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا باضابطہ سرکاری دورہ پاکستان ہوگا جو پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ برطانیہ کا شاہی جوڑا لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا۔
ترجمان کے مطابق شاہی جوڑا پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، برطانوی اور پاکستانی عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شاہی رہائشگاہ کینسنگٹن پیلس کی جانب سے بھی پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے دورہ پاکستان کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ اس دورے کی درخواست برطانوی وزارت خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر کی جانب سے کی گئی تھی۔
کینسنگٹن پیلس کی طرف سے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اس دورے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ برطانیہ کی پاکستان میں دوبارہ بڑھتی ہوئی دلچسپی کی علامت ہے۔