حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مشن، سیاسی رہنماؤں کے رابطے تیز

Last Updated On 06 October,2019 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی ملاقات ہوئی جس میں فضل الرحمان کے آزادی مارچ سمیت اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے اعلان کے بعد اپوزیشن کے رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ بلاول بھٹو کی اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے ملاقات ہوئی جس میں آزادی مارچ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت، سیاسی صورتحال پر گفتگو اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو میں فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے، اس کے لئے اپوزیشن متحد ہے اور متحد رہنا ہوگا۔ اس حکومت کا گھر جانا ضروری ہے۔

اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ عمران خان نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی پگڑی اچھالی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

میاں افتخار نے کہا کہ ایسی فضا بنائی جائے کہ 27 تاریخ کو پوری اپوزیشن کی تاریخ بن جائے۔ مولانا فضل الرحمن صاحب اے پی سی بلائیں تا کہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کر لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن تقسیم ہو لیکن ایسا نہیں ہوگا۔
 

Advertisement