اسلام آباد: (دنیا نیوز) علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف کام کرنیوالی قوتوں کے ثبوت موجود ہیں، مولانا کا چہرہ بے نقاب کرینگے، بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی کروڑوں روپے کا بجٹ استعمال کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیرعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا بچوں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، مولانافضل الرحمان مودی کے ایجنڈے پر کام کر ر ہے ہیں، قادیانیوں سے متعلق آئین میں تبدیلی، ناموس رسالت کے حوالے ٹھوس اقدامات نہ کرنے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بے بنیاد الزامات عائد کیے، بے بنیاد الزامات پر مولانا فضل الرحمان کو 50 ارب روپے کا نوٹس بھجوا رہے ہیں، 15 دن میں جواب نہ دیا تو ثبوت سامنے رکھیں گے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا مولانا صاحب اشتعال انگیزی ہوئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیر کالونیز پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی سربراہ جے یو آئی ف کو آڑے ہاتھوں لیا اور تنقید کے نشتر چلائے۔ انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن کا لانگ مارچ نہیں ہوگا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ لانگ مارچ سے بھاگ چکے ہیں، مولانا اصول کے نام پر وصول کی سیاست کرتے ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان مدرسہ ریفارمز نہیں چاہتے، مذہب کو بیچ رہے ہیں، ناموس رسالت کے نام پر چندہ اکٹھا کیا گیا، تحریک انصاف نے اپنے دھرنے میں مذہب کو استعمال نہیں کیا تھا۔