کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ واقعے میں جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی عہدیدار آصف ہارون کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ گورنرسندھ نے مقتول کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور انہیں انصاف فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار آصف ہارون کو عزیز آباد میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے دو گولیاں ماریں۔
گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مقتول کے اہلخانہ سے تعزیت کی، میڈیا سے گفتگو میں عمران اسماعیل بولے کہ آصف ہارون کے قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے، ہوسکتا ہے ان کے قتل میں بیرون ہاتھ ملوث ہو۔
قبل ازیں مقتول آصف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اراکین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے نمازجنازہ میں شرکت کی جبکہ واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ مقتول کو سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے سندھ پولیس سے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔