اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنا بھارت کی پچ پر کھیلنے کے مترادف ہو گا، اس دن احتجاج سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے گا، مولانا فضل الرحمان اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ن لیگ اور پیپلزپارٹی بھی مولانا فضل الرحمن کے احتجاج کے فیصلے پر متفق نہیں۔
ادھر وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا مولانا جیسے کارٹون کردار بہت آئے، اس مرتبہ ہم انہیں ایسا بٹھائیں گے کہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں رہیں گے، ہم بے صبری سے مولانا کا انتظار کر رہے ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا یہ گیدربھبھکیاں کسی اور کو دیں، مولانا کا وزن کم کرانے کیلئے سڑک پر ہی مشینیں لگوا دی ہیں، اڈیالہ جیل میں بھی کچھ مشینیں لگوانے کا آرڈردے دیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کیا اور کہا ہم جلدی جانے کی غرض سے نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا 27 اکتوبر کو مظاہروں کے بعد اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے اور کشمیریوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے۔