مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
مظفرآباد میں یادگارِ شہدا پر مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ میرپور بھی زلزلے میں جاں بحق ہونیوالوں کی یاد میں تقریب منعقد ہوئی، قائداعظم سٹیڈیم سے چوک شہیداں تک ریلی نکالی گئی جس میں سکول کی طالبات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر شہداء زلزلہ کے لیے خصوصی طور پر دعا بھی کی گئی۔ شہدا کی یاد میں ریلی کے شرکا دو منٹ خاموش بھی رہے۔ شرکا نے کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے، اس موقع پر کشمیریوں کی آزادی کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔
بالاکوٹ میں بھی 2005 کو آنے والے زلزلے میں جاں بحق افراد کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہائی سکول میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔ ملک کے مختلف شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔