آزادی مارچ: جے یو آئی ف کا شاہراہیں بند کرنے پر پانی کا راستہ استعمال کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 10 October,2019 03:07 pm

پشاور: (دنیا نیوز) آزادی مارچ کی تیاریاں جاری ہیں، جے یو آئی ف نے شاہراہیں بند کرنے پر پانی کا راستہ استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا، رضا کاروں نے دریائے سندھ میں ریہرسل شروع کر دی۔

ادھر مولانا فضل الرحمن نے 27 اکتوبر کو سکھر سے آزادی مارچ قافلے کی قیادت کا فیصلہ کرلیا، اسلام آباد میں طویل دھرنے کا امکان نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں تحریک انصاف کی حکومتیں ہونے کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان کو مارچ کے آغاز میں ہی گرفتار کیا جا سکتا ہے جس سے مارچ متاثر ہوگا۔

سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے سے جے یو آئی ف کے سربراہ کی گرفتاری کا کوئی امکان نہیں بلکہ سندھ حکومت سہولیات بھی فراہم کرے گی، یوں پنجاب میں داخل ہونے تک آزادی مارچ کا ماحول بن چکا ہوگا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد مولانا فضل الرحمان کا کسی طویل دھرنے کا امکان نہیں۔

مولانا کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کی طرح 126 دن کے دھرنے کے قائل نہیں، اسلام آباد پہنچ کر آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان خود کروں گا، اگر مارچ کا راستہ رو کنے کی کوشش کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا دیا جائے گا۔