پیپلز پارٹی نیب قوانین کا خاتمہ نہیں، ان میں بہتری چاہتی ہے: قمر زمان کائرہ

Last Updated On 15 October,2019 05:01 pm

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نیب کے قوانین کا خاتمہ نہیں بلکہ ان میں بہتری چاہتی ہے۔ خورشید شاہ صاحب کی سیاسی شخصیت کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

خورشید شاہ کی پیشی کے دوران سکھر کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آج ہم نیب عدالت میں خورشید شاہ سے یکجہتی کے لیئے آئے ہیں۔ نیب کی ٹیم کے پاس کوئی مثبت کیس نہیں تھا۔ آج نہ پانچ سو ارب ہیں اور نہ پچاس ارب، بات آکر ایک گھر پر رک گئی ہے جبکہ خورشید شاہ اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات دے چکے ہیں۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ خورشید شاہ نے جتنے بھی الیکشن لڑے ان پر پٹیشنز دائر ہوئیں، خورشید شاہ کا قصور یہ ہے کہ قبضہ مافیاں سے زمینیں چھڑوا کر ہسپتال کالج بنوائے۔ خورشید شاہ لوگوں کو روزگار دیتا ہے، سہولیات فراہم کرتا ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ شاہ صاحب نے عدالت سے کہا ہے کہ نیب جتنے دن کا ریمانڈ مانگے مجھے کوئی غرض نہیں ہے۔ شاہ صاحب نے کہا کہ کاش مجھ پہ بھی کوئی کرپشن کے الزامات لگے ہوتے جبکہ اس شہر کی خدمت کی ہے لوگوں کو سہولیات دی ہیں۔