کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ میں آوارہ کتوں کو پکڑنے اور ویکسین کی عدم دستیابی کے کیس میں سیکریٹری صحت عدالت پیش ہو گئے تاہم سیکریٹری بلدیات کی عدم حاضری پرعدالت کا اظہار برہمی، شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ کراچی میں کتا پکڑنے کے لیے رینجرز کو آپریشن کرنا پڑا، عدالت نے متعلقہ حکام کو سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کچرا آپ سے نہیں اٹھتا، کوئی کام نہیں ہوتا، کیا کرینگے، ڈی ایم سیز بننے سے اختیارات کا نیا تنازع پیدا ہو گیا۔
کے ایم سی کے وکیل کا عدالت عالیہ کے روبرو کہنا تھا کہ ہمارے پاس تنخواہ دینے کے پیسے نہیں، گاڑیاں بھی نہیں ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ان کے پاس کتے پکڑنے کے لیے گاڑیاں ہیں نہ سٹاف، عمل کون کرے گا، اگر کتے مارنے سے منع کیا ہے تو پکڑ تو سکتے ہیں، لوگوں کا باہرنکلنا محال ہو گیا ہے۔ یہی صورتحال ہے تو سندھ حکومت ٹاسک فورس بنائے اور کام شروع کرے۔ سندھ حکومت بتائے کہ کیا ڈی ایم سیز کو کتے پکڑنے کے لیے پیسے جاری کیے۔
دریں اثنا سیکرٹری بلدیات کی عدم حاضری پر فاضل عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، ریمارکس دیئے کہ نہیں آنا چاہتے تو وارنٹ کے ذریعے بلا لیتے ہیں، عدالت نے سیکرٹری بلدیات کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔