حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کیساتھ ہیں، بلاول بھٹو

Last Updated On 16 October,2019 06:59 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے حکومت مخالف آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کیساتھ ہیں۔

لاڑکانہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ایس 11 کے عوام دھاندلی نہیں ہونے دیں گے لیکن اگر دھاندلی نہ ہوئی تو پھر بھی پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے سپورٹ کا مولانا فضل الرحمان ہی جواب دے سکتے ہیں۔ بنوں میں پیپلز پارٹی نے مولانا کے امیدوار کو سپورٹ کیا تھا۔ امید کرتے ہیں مولانا بھی سپورٹ کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کا ضمنی الیکشن میں سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کروانے کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ جنگ نہ ہو۔ ایران میں اگر جنگ ہوگی تو پاکستان بھی متاثرہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کا خیال رکھنا اور روزگار دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہر دور میں زیادہ سے زیادہ روزگار دیئے۔ پیپلز پارٹی اور دوسری جماعتوں کی پالیسی میں یہی فرق ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں سازش کے تحت لوگوں کو بے روزگار کیا گیا۔ یہ لوگوں کو روزگار دینے کے بجائے مزید اداروں کو بند کریں گے۔ فواد چودھری کا بیان ہی خان صاحب کی اصلی پالیسی ہے۔

 

Advertisement