لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی سنیئر لیڈر شپ نے علاج کے لئے نواز شریف کے باہر جانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد پرچھوڑ دیا۔ خواجہ آصف کہتے ہیں یہ اختیار نوازشریف کا ہے کہ وہ باہر علاج کروانا چاہتے ہیں یا ملک کے اندر ہی، آزادی مارچ شیڈول کے مطابق ہو گا۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی چھوٹی سوچ پر افسوس ہے، قوم سے کل نوازشریف کی صحت کے لئے دعاوں کی اپیل ہے۔
نوازشریف کی صحت کا معاملہ، پارٹی کی سنیئر لیڈر شپ نے حکومتی رویئے پر افسوس کا اظہار کر دیا، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی بدلے کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو رہی، انتقامی کارروائیاں آج بھی جاری ہیں۔ ایک طرف رابطے کر کے تیمارداری کی اجازت مانگی جا رہی ہے دوسری طرف انتقامی اقدامات جاری ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک یا اندرون ملک علاج کا معاملہ نوازشریف پر چھوڑتے ہیں، گو نوازشریف کی صحت خراب ہے اورپارٹی اس حوالے سے مصروف ہے تاہم آزادی مارچ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا، پارٹی بھرپور شرکت کرے گی۔
پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے جمعہ کے روز نوازشریف کی صحت کے لئے دعاوں کی اپیل کر دی، ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کے حوالے سے ڈاکٹرز کے خدشات کے برقرار ہیں۔ ایسی صورتحال میں بھی حکمرانوں کے انتقامی اورچھوٹی سوچ کے اقدامات جاری ہیں، مریم نواز کو رات دوبجے کوٹ لکھپت جیل واپس جانے کا کہا گیا، نوازشریف کوپانچ بجے نیند سے جگایا گیا۔ کونسا جنگ کا خطرہ تھا کہ نوازشریف کو جگا کر پانچ بجے مریم کوجیل بھیجا گیا۔
پارٹی کی سینئر لیڈرشپ کا کہنا تھا کہ حکومتی نمائندوں نے جس طرح کی زبان استمعال کی وہ بھولی نہیں جائے گی، حکمرانوں کی بدلے کی آگ ٹھنڈی نہیں ہو رہی، انتقامی کارروائیاں آج بھی جاری ہیں۔ نوازشریف کی رہائی کے حوالے سے قانونی، عدالتی اور سیاسی جنگ جاری رہے گی۔