جسٹس مامون الرشید شیخ نے بطور قائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عہدے کا حلف اٹھا لیا

Last Updated On 24 October,2019 05:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس مامون الرشید شیخ نے بطور قائم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ قائمقام چیف جسٹس نے حلف اٹھانے کے بعد پروٹوکول لینے سے انکار کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے ججز لانچ میں قائم مقام چیف جسٹس مامون الرشید شیخ کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ جسٹس مامون الرشید شیخ سے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے بطور قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا۔

قائم مقام چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب میں جسٹس امیر بھٹی، جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شاہد کریم، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس اسجد جاوید گورال سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔

تقریب میں پراسکیوٹر جنرل پنجاب عارف کمال نون سمیت سرکاری وکلا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان، صدر لاہور ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چودھری، نائب صدر کبیر احمد چودھری اور سیکرٹری فنانس فیاض احمد رانجھا بھی شریک ہوئے۔