اسلام آباد: (دنیا نیوز) نعیم الحق نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مریم نواز شریف کو اپنے والد کے پاس ہسپتال میں رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کرکے انھیں ہدایت جاری کی کہ مریم نواز کو اپنے والد کے پاس رہنے دیا جائے جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر مریم نواز کو نواز شریف کی تیمارداری کی اجازت دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل میں قید مریم نواز کو حکومت سے اجازت ملنے کے بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کیلئے سروسز ہسپتال لایا گیا تھا، ان کی رہائی پیرول پر عمل میں لائی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے رابطہ کرکے ہدایت دی کہ نواز شریف سے مریم نواز کی ملاقات کرائی جائے، جس پر پنجاب حکومت نے مریم نواز کی نواز شریف سے ملاقات کرانے کا فیصلہ کیا۔
مریم نوازکو خصوصی سکیورٹی کے حصار میں کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال لایا گیا۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد ہسپتال کے باہر موجود تھی۔