اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارت کی کنٹرول لائن پر فائرنگ سے 3 شہریوں کی شہادت کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو آج ایک مرتبہ پھر دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھما دیا گیا، پاکستان نے معصوم شہریوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کے منافی ہے۔ بھارت اپنی فوج کو جنگ بندی معاہدے کا پابند بنائے، بھارتی اقدامات خطے کے امن کیلئےخطرہ بنتے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے کنٹرول لائن پر 3 شہری شہید ہو گئے تھے۔ بھارت اس سے قبل بھی سیز فائر معاہدے کی کئی مرتبہ خلاف ورزی کر چکا ہے، کچھ روز قبل بھارت کی ایسی ہی کوشش میں 9 بھارتی فوجی پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی جانب سے ہلاک کر دیئے گئے تھے۔