لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہاؤسنگ شعبے میں معمولی ٹیکس ہونا چاہیے کیونکہ کم ٹیکس سے اس شعبے میں تیزی آ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دورہ لاہور کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں انھیں پنجاب کی مالیاتی اور معاشی پالیسی پر بریفنگ دی گئی اور ان کے اہداف سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ پنجاب ہاشم بخت نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پہلے سہ ماہی کے اہداف گزشتہ سال کی نسبت بہتر پوزیشن میں ہیں۔ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت نمایاں اضافہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر خوراک نے گندم کی قیمت سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے انھیں ہدایت دی کہ اشیائے خورونوش اور گندم کی قیمتیں کم رکھنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کو حکومت کے فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے سابق اور موجودہ حکومت کے قرضوں کا موازنہ عوام کے سامنے رکھا جائے۔ اس کے علاوہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے۔