تجارتی خسارے میں کمی لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 31 October,2019 07:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں ہمیں ابھی تک تجارتی خسارے کا سامنا ہے، اس میں کمی لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نظام انصاف میں بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔ پاکستانی نوجوان نسل ہمارا اثاثہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عام آدمی کو ترقی کے ثمرات نہیں مل سکے۔ ہم غریب طبقے کو غربت سے باہر لانا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملکی ترقی کے لیے نظام تعلیم کی بہتری ضروری ہے۔ غربت کے خاتمے کھے لیے احساس پروگرام شروع کیا گیا۔

انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت کو معاشی چیلنجز کا سامنا تھا۔ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے ماہرین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ماضی میں پاکستان نے صنعتوں کی وجہ سے بڑی ترقی کی۔ 60ء کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور تعاون پر ورلڈ بینک کے مشکور ہیں۔ کاروباری اصلاحات کے حوالے سے پنجاب اور سندھ حکومت کو مبارکباد دینا چاہوں گا۔

اپنے خطاب کے آغاز میں وزیراعظم نے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت بھی کیا۔