اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا ہے کہ حکومت نہ تو کسی ڈیل کا حصہ ہے اور نہ ہی کرپشن کیسوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ دنیا نیوز ذرائع کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے وزرا کے رویے پر وزیراعظم سے شکوہ کیا اور کہا کہ پیمرا فیصلے پر حکومتی ارکان نے ایسے تنقید کی جیسے وہ اپوزیشن میں ہوں۔ فیصلوں پر وزرا کی تنقید شرمندگی کا باعث ہے جبکہ فواد چودھری نے اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کر کے واپس لیے جائیں تو شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں آزادی مارچ پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ پر واضح کیا کہ حکومت کسی ڈیل کا حصہ نہیں، کرپشن کیسز پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کو علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ ان کی صحت سے متعلق کوئی بیان نہ دیا جائے۔
وزیراعظم کو اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ آزادی مارچ کو کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہی ہے۔ مارچ کے شرکا کی معاہدے پر عملدرآمد کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آزادی مارچ سے متعلق معاہدہ کرنا اچھا عمل ہے۔ مذاکراتی کمیٹی آزادی مارچ سے متعلق فیصلوں کیلئے با اختیار ہے۔ احتجاج پرامن اور قانون کے دائرے میں ہو تو رکاوٹ نہیں کھڑی کریں گے لیکن اگر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو سخت کارروائی ہوگی۔