رحیم یار خان: (دنیا نیوز) سانحہ رحیم یار خان کے متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان بھی سیاسی نکلا، شیخ رشید نے انشورنس کی رقم کو حکومتی کھاتے میں ڈال دیا۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستان ریلوے اور پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کے مابین مسافروں کی لائف انشورنس کا باقاعدہ معاہدہ ہے۔ پاکستان ریلویز کی ٹکٹ خریدنے والا مسافر انشورنس کی رقم بھی ادا کرتا ہے۔ وزیر ریلوے نے متاثرہ مسافروں کی انشورڈ رقم کو ہی حکومتی امداد قرار دے دیا۔
سابق دور حکومت میں ریلوے اور انشورنس کمپنی میں معاہدہ ہوا جس کے تحت مسافروں کی ٹکٹوں میں انشورنس کی رقم بھی شامل کی جاتی ہے۔ حادثے کی صورت میں جاں بحق اور زخمی مسافروں کو انشورنس کی رقم دی جاتی ہے۔ انشورنس کمپنی جاں بحق افراد کو 15 لاکھ، شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو ایک سے 3 لاکھ روپے تک ادا کرے گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ریلوے اور وزارت ریلوے اپنے پاس سے کسی بھی جاں بحق اور زخمی مسافر کی امداد نہیں کر رہا۔ ترجمان ریلوے قرۃ العین فاطمہ نے کہا ہے کہ ریلوے نے اپنے مسافروں کی بہتری کے لیے انشورنس کمپنی سے معاہدہ کر رکھا ہے۔