اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرنا، وزیراعظم کی ہدایت پر تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ورنہ ایک اشارے پر 5 پیاروں، ان کے چمچوں پر زمین تنگ کر دیں گے۔
وفاقی وزیر ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا حلوہ مارچ سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا، صفائی کیلئے سی ڈی اے کو کروڑوں کا فنڈ مختص کرنا پڑ رہا ہے، کیا ہی اچھا ہو کہ حلوہ کھانے کے بعد صفائی بھی کریں، جیسے پی ٹی آئی کرتی تھی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ملک پر حکمرانی کرنے والے اب اپنے اولادوں کو حکمران بنانے کیلئے کنٹینر پر جمع ہوگئے، کنٹینر پر وہ پانچ خاندان ہیں جو ہمیشہ سے اس ملک پر حکمرانی کرتے رہے، یہ لوگ حکمرانی اپنی اولادوں تک پہنچانے کیلئے ریاست پر حملہ آور ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے استعفے کے مطالبے کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مسترد شدہ عناصر اپنی ناکامیوں کا بدلہ عوام سے لینے کے درپے ہیں، مارچ والے صرف مارچ کرتے رہ جائیں گے، تبدیلی سے خائف عناصر کا منفی ایجنڈا ناکام رہے گا، نان ایشوز پر سیاست کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔