اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران آزادی مارچ کے دوران اداروں کیخلاف بات کرنے مولانا فضل الرحمن کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کرنے پر بات چیت کی گئی۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پیر تک درخواست دائر کرنے کے حوالے سے تمام اقدامات سامنے آجائیں گے، آزادی مارچ کے منتظمین نے معاہدہ کا انحراف نہیں بلکہ ریاست کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے، ہم جائیں گے اور گرفتار کرلیں گے اس طرح کے بیانات دہشت گردی کے زمرے میں اتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے منتظمین نے پاکستان کے اداروں پر الزامات لگائے ہیں، بیانات حب الوطنی میں نہیں آتے، ساری آوازیں مودی کی کانوں کا میوزک ہے، مارچ کے شرکا نے معاہدہ توڑا تو ریاست کی رٹ استعمال ہوگی۔
وزیر برائے پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ معاہدہ کی خلاف ورزی کی گئی تو انتظامیہ حرکت مین آئے گئی، چاہتے ہیں کہ پرامن احتجاج اور جلسہ کریں جتنے دن بیٹھنا ہیں بیٹھے رہیں۔
اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے، یہ اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تین بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہو گا۔ عمران خان موجودہ صورتحال میں ارکان کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کے دوران اپوزیشن دھرنے پر حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اقدامات سے متعلق اعتماد میں بھی لیا جائے گا۔