اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے طویل دھرنے اور ڈی چوک جانے کی مخالفت کر دی۔
دنیا نیوز کے مطابق اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس جے یو آئی (ف) کے اکرم خان درانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی، اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے طویل دھرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ ہماری پارٹی ڈی چوک جانے کی مخالفت بھی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: تمام سیاسی جماعتیں استعفے، نئے انتخابات کے مطالبات پر متفق ہیں: رہبر کمیٹی
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں نے انتظامیہ سے معاہدہ توڑنے کی مخالف کی ہے، دونوں جماعتوں کی ریڈزون جا کرافراتفری پیدا کرنے کی بھی مخالفت کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں بڑی پارٹیوں نے موقف اختیار کیا کہ دھرنا دینے کا فیصلہ اپوزیشن جماعتوں کا نہیں ہے۔
اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمن کی پارٹی جے یو آئی (ف) نے دھرنا کچھ دن جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ تمام جماعتوں کے ممبران رہبرکمیٹی کی تجاویزقائدین کو پیش کریں گے۔