اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب آپ کی نااہلی اور نالائقی نے ملک کو لاک ڈاؤن کر دیا ہے، روٹی، روزگار، کاروباراور صنعت بند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عقل سے عاری مینڈیٹ چور حکومت اپنے بیانات سے اشتعال انگیزی نہ پھیلائے کرائے کے ترجمانوں کی بدزبانی سے نااہل، نالائق، جھوٹی اور عوام دشمن حکومت بچ نہیں جائے گی۔ عمران صاحب عوام کی بات مان لیں، استعفی کے علاوہ آپ کے پاس کوئی آپشن نہیں۔
لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم صاحب حقیقی عوامی رائے کے سامنے کھڑے ہونے کی حماقت نہ کریں، حکومتی ٹیم منتیں کر رہی ہے اور سیلیکٹڈ حکومت دھمکی دے رہی ہے۔ عمران صاحب استعفی پوری قوم کا مطالبہ ہے۔
ن لیگ کی ایم این اے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان گھر جائیں، مزید بحران پیدا نہ کریں عوام سے خوفزدہ، ڈری ہوئی حکومت کی بوکھلاہٹ کرائے کے ترجمانوں کے بیانات سے عیاں ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ کی ترجمانی کرنے والے پہلے کسی اور کی ترجمانی کرتے تھے، کل کسی اور کی ترجمانی کریں گے، جھوٹ، پراپیگنڈے، گمراہ کن بیانات اور تقریروں و بیانات سے معاملہ آگے چلاگیا ہے، یہ ڈرامے اب نہیں چلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ہی کہاتھا کہ پورا پاکستان آپ سے استعفی مانگ رہا ہے، حکومتی حماقت سے اشتعال انگیزی پھیلی تو تمام تر ذمہ داری عمران صاحب، کرائے کے ترجمانوں اور حکومت پر ہوگی، پورا پاکستان کی زبان پر ایک ہی نعرہ، ایک مطالبہ ہے کہ عمران صاحب استعفی دو۔