لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنا غیر آئینی اور غیرجمہوری ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ قوم نے عمران خان کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے، سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے اداروں کو متنازع بنانا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے، مولانا لڑائی میں فوج کو گھسیٹ کر جمہوریت کی کوئی خدمت نہیں کر رہے ہیں اور نہ آئین اس کی اجازت دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ فوج کی طرف سے بھی وضاحت آ چکی ہے بہتر یہ ہو گا کہ فضل الرحمن اپنے بیان سے رجوع فرما لیں، معاہدے کی پاسداری لازم ہے، مولانا کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ حکومت کی مصالحتی پالیسی کی وجہ سے ہی ان کا قافلہ اسلام آباد میں داخل ہواہے
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اگر مصالحتی کمیٹی درمیان میں نہ ہوتی تو مولانا کے لوگوں کو اسلام آباد میں آنے ہی نہیں دیا جانا تھا، جے یو آئی ف کے امیر کا کہنا بھی مناسب نہیں کہ دو روز بعد وہ اپنے لوگوں کو قابو میں نہیں رکھ سکیں گے کیونکہ لوگوں کو قابو میں رکھنا انہی کی ذمہ داری ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو مدت پوری کرنے کا اسی طرح حق ہے جس طرح مولانا صاحب کے دائیں بائیں کھڑی ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پوری کی ہیں ان سے مولانا صاحب نے کبھی اس طرح کا مطالبہ نہیں کیا تھا،مولانا کو چاہئے کہ جس سپرٹ کے ساتھ انہوں نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے انتخابی مینڈیٹ کا احترام کیا تھا اب اسی سپرٹ کے ساتھ عمران خان کے مینڈیٹ کا بھی احترام کریں۔