لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے پٹواری کے عہدے کا نام ویلج افسر سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے میں لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سٹاف کی ترقی کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا، وزیراعلی نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ریونیو کے حوالے سے ماڈل تحصیل بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پٹواری کے عہدے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پٹواری کو ویلج آفیسر کے عہدے کا نام دیا جائے گا۔ ویلج آفیسر کو 14 واں سکیل ملے گا، بھرتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی، بھرتی کے بعد 6 ماہ کی تربیت لازم ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ویلج آفیسر کو لیپ ٹاپ بھی دینے کی منظوری بھی دی، حاضر سروس پٹواریوں کو 11واں سکیل اور گردآور کو 14واں سکیل دینے کی تجویز ہے۔ لاہور کی ایک تحصیل کو ریونیو کے حوالے سے ماڈل تحصیل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے سٹاف کی ترقی کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا۔ وزیراعلی نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ماڈل تحصیل بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی۔