اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) جے یو آئی ف کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے رات گئے ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی سے ان کے گھر جا کر ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آزادی مارچ دھرنے کے امور پر بات ہوئی، مولانا فضل الرحمن نے کہا آج میں چودھری شجاعت کے گھر حلوہ کھانے آیا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے چودھری برادران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات سے انکار نہیں کرتے، مذاکرات با معنی ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا عمران خان ذوالفقار علی بھٹو سے بڑے آدمی نہیں عوام کے اضطراب کو دور کرنے کے لئے فوراً استعفیٰ دے دیں اور الیکشن کا اعلان کریں، اب حالات بھی بدل چکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چودھری برادران کے سامنے اپنا موقف رکھا ہے اور ان سے رہنمائی کی درخواست کی ہے، چودھری برادران منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، معاملات سنجیدگی سے طے ہونے چاہئیں، پاکستان ہم سب کا ہے۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ بہت جلد مسئلے کا حل نکلے گا، ہماری کوشش ہے جتنا جلدی ہو بہتر ہے۔