اسلام آباد: (دنیا نیوز) چودھری پرویز الہیٰ کی بھی جے یو آئی سربراہ سے ملاقات، دھرنے کا مستقبل کیا ہوگا؟ عوام کو حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد واپسی پر میڈیا نمائندوں سے مختصر گفتگو میں چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت جاری ہے، مختلف تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ کئی چیزیں ساتھ ساتھ چل رہی ہیں، تھوڑا صبر اور محنت کی ضرورت ہے۔ محنت اس لیے ہو رہی ہے تا کہ مثبت طریقے سے معاملہ منطقی انجام کو پہنچے۔ ہمارے مقصد کو کامیابی ملے گی لیکن ٹائم لگے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی حکومتی مذاکراتی ٹیم اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔
مذاکرات کے بعد مختصر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ڈیڈلاک ختم کرنے تک مذاکرات جاری رہیں گے۔ رہبر کمیٹی جب اپنے لیڈرز سے بات کرے گی، ہم مذاکرات پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کئی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے، درمیانی راستہ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کئی مطالبات پر رضامندی ہو گئی ہے۔
اس موقع پر اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ رہبر کمیٹی کا وہی مطالبہ ہے جو پہلے تھا۔