لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ مریم نواز کا دھرنے میں جانے کا کوئی پلان نہیں، ان کے نزدیک اولین ترجیح اپنے والد کی تیمارداری ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں ابھی بھی مسئلہ ہے۔ بیرون ملک علاج کے حوالے سے کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ نواز شریف کی حالت بہتر ہوگی تو سفر کر سکیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے نواز شریف ہسپتال سے ڈسچارج ہو گئے۔ اب ان کا اپنی رہائشگاہ پر ہی علاج معالجہ ہوگا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈاکٹر بیرون ملک علاج کی تجاویز دیں گے تو فیملی کی بھی یہی کوشش ہوگی۔
ایک اور اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے اور نئے الیکشن کو مسترد کر دیا تھا، انہی مطالبات پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔