اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے دھرنے کے پر امن حل کے لئے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پھر بلالیا، اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائیگی۔
ادھر سپیکر ہاؤس اسلام آباد میں وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں رہبر کمیٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ہونے والے حکومتی رابطوں پر غور کیا گیا، اجلاس میں پرویز الہی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی روشنی میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران مذاکراتی کمیٹی نے وزیرِ اعظم عمران خان سے رابطہ کیا اور اب تک رہبر کمیٹی اور مولانا فضل الرحمان سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق آگاہ کیا، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ اپوزیشن سے مذاکرات جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذاکراتی کمیٹی کے رکن پرویز الہی مولانا فضل الرحمان سے براہ راست مذاکرات کریں گے اور حکومتی تجاویزکی روشنی میں درمیانی راستہ نکالنے کو کوشش کریں گے۔
وزیر اعظم نے بھی گزشتہ روز پرویز الہی کو بھی کچھ لو کچھ دو کی بنیاد پر اپوزیشن سے مذاکرات کا اختیار دیا تھا۔ پرویز الہی نے گزشتہ 36 گھنٹوں میں مولانا فضل الرحمان سے تین ملاقاتیں کیں، پرویز الہی کی مولانا فضل الرحمان سے آج رات ایک اور ملاقات کا بھی امکان ہے۔