اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور جے یو آئی (ف) کے مابین ایک مرتبہ پھر رابطہ ہوا، مولانا فضل الرحمن اور پرویزالٰہی کی آج ایک اور ملاقات ہو گی جس میں پرویزالٰہی حکومتی مذاکراتی ٹیم کی تجاویز پر بات کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ آج سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی، مولانا فضل الرحمن سے ایک مرتبہ پھر ملیں گے جس میں وزیراعظم عمران خان سے گفتگو کی روشنی میں مولانا کو تجاویز پیش کریں گے جن کا مقصد فریقین کے مابین درمیانی راہ نکالنے کی کوشش ہے۔ پرویز الہی گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران مولانا فضل الرحمن سے تین ملاقاتیں کر چکے ہیں۔
دریں اثنا مولانا فضل الرحمن کے دھرنے سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان نے آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں مسئلے کے پرامن حل سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔