اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے عالمی سطح پر ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کر لی، پاکستان متفقہ طور پر متعدد روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کے رکن ممالک کے سالانہ اجلاس کا چیئرپرسن منتخب ہو گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے جنیوا میں پاکستانی مستقل مندوب خلیل ہاشمی چیئرمین منتخب ہوئے، روایتی ہتھیاروں کا کنونشن تحدید اسلحہ فریم ورک کا اہم جزو ہے، کنونشن، متعدد روایتی ہتھیاروں پر پابندی سے متعلق ہے۔
ترجمان کے مطابق کنونشن فوجیوں، شہریوں کو یکساں متاثر کرنے والے متعدد ہتھیاروں کی روک تھام پر مبنی ہے، کنونشن 5 پروٹوکولز سمیت انسانیت کو درپیش خطرات، فوجی مقاصد میں توازن فراہم کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق رکن ممالک کا کنونشن کے حقیقی اطلاق کیلئے سالانہ اجلاس منعقد ہوتا ہے، رکن ممالک نئے روایتی ہتھیاروں سے درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے اضافی پروٹوکولز بھی مرتب کرتے ہیں، رواں سال کے اجلاس میں خود مختار ہتھیاروں کے کردار، کنونشن کی مالیاتی موذوئیت کا جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کا متفقہ طور پر انتخاب، عالمی برادری کا اظہار اعتماد ہے، پاکستان کا انتخاب، بذریعہ تحدید اسلحہ بین الاقوامی سلامتی کیلئے خدمات کا مظہر ہے، پاکستان کا منتخب ہونا، مضبوط کثیرالجہتی سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے۔