اسلام آباد: (دنیا نیوز) افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کیے جانے کے معاملے پر افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان نے افغانستان میں اپنے ڈپلومیٹس کی سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے افغان ناظم الامور کو آگاہ کیا کہ پاکستانی سفیر اور عملے کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ سفارتخانے جاتے ہوئے ان کے راستےمیں رکاوٹیں ڈالی جاتی ہیں۔ پاکستانی عملے کی سیکیورٹی یقینی بنانا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے۔
پاکستان نے افغانستان سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ پاکستان سے بھی شیئر کی جائے۔