لاہور: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے مطالبات میں ابہام ہے، فضل الرحمان معاہدے کی پاسداری کریں، امید ہے اپوزیشن جمہوری رویہ برقرار رکھے گی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر ہر سال کے بعد انتخابات ہونا شروع ہو جائیں تو ملک اور معیشت نہیں چل سکتی، تھوڑا انتظار کرلیں، حکومتیں ایسے نہیں گرتیں، آزادی مارچ پر حکومت کا رویہ جمہوری تقاضوں کے مطابق ہے، حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ابھی تو ایک سال ہوا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کوئی بھی پاکستانی نہیں چاہے گا کہ کشمیریوں کا قتل عام کرنے والا نریندر مودی کرتارپور کی تقریب میں پاکستان کی سر زمین پر قدم رکھے، ہم امن سے رہنا چاہتے ہیں، کشمیر پر ہمارا اصولی مؤقف ہے، کرتارپور راہداری کی تقریب میں من موہن سنگھ کو دعوت دی ہے، انہوں نے دعوت قبول کی ہے، کوئی غیرت مند پاکستانی نہیں چاہے گا کہ کشمیریوں کا قاتل نریندر مودی ہماری دھرتی پر قدم رکھے، ٹک ٹاک گرل کی دفتر خارجہ میں داخلے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو بھیج دی ہے۔