کرتارپور کی یاترا:بھارت کے علاوہ دیگر ممالک کے یاتریوں کو سیاحتی ویزہ ملے گا

Last Updated On 28 October,2019 02:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرتارپور صاحب کی یاترا کے حوالے سے حکومت پاکستان کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، بھارت کے علاوہ دیگر ممالک کے یاتریوں کو سیاحتی ویزہ ملے گا۔

دفتر خارجہ کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں موجود سکھ یاتریوں کو پاکستان سیاحتی ویزا جاری کرے گا، اس ویزے پر یاتریوں کی نقل وحرکت صرف کرتار پور صاحب تک محدود نہیں ہو گی، بلکہ سیاحتی ویزہ پر آنے والے یاتری پنجہ صاحب اور ننکانہ صاحب بھی جا سکیں گے۔

ذرائع دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویزہ کے ذریعے آنے والے یاتریوں سے 20 ڈالر سروس چارجز بھی نہیں لیے جاسکیں گے۔ واضح رہے کہ بھارت سے آنے والے یاتری صرف ایک دن کے لئے صرف کرتارپور صاحب آ سکیں گے اور انہیں 20 ڈالر سروس فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔