کوئی بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا، ترجمان دفتر خارجہ

Last Updated On 31 October,2019 10:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، کوئی بھارتی اقدام مقبوضہ جموں وکشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی اقدام سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کا حق خود ارادیت اپنی جگہ موجود ہے۔ پانچ اگست کے اقدامات کو بھارت نے زبردستی جموں وکشمیر کے عوام پر مسلط کیا۔

ترجمان نے کہا کہ بندوق کی نوک پر اور 90 ہزار فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ جموں وکشمیر جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سیاستدان، سول سوسائٹی لیڈرز، نوجوانوں، خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو غیر قانونی تحویل میں رکھا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصل مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا اور ہندوتوا آئیدیالوجی کو مسلط کرنا ہے۔ عالمی برادری کو سول آبادی کو مقبوضہ کشمیر سے باہر منتقل کرنے کا نوٹس لینا چاہیے۔ بھارتی اقدامات جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔