اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے منصوبہ بندیاں کر رہا ہے، انڈیا فالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کرسکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کل امریکی کانگریس کے کمیشن نے مقبوضہ کشمیر پر سماعت کی، اس سماعت میں کہا گیا بھارت میں ہندو نیشنلزم بڑھ رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات، دیگر بندشیں جاری ہیں، اجلاس میں کہا گیا بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک ہو رہا ہے، کمیشن نے بابری مسجد سے متعلق عدالتی فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سماعت میں کہا گیا آسام کے 20 لاکھ لوگ ریاست سے خارج قرار دیئے گئے، اس کمیشن نے مطالبہ کیا مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ ختم کرایا جائے، پینل نے امریکی کانگریس سے قرارداد پاس کرانے کا مطالبہ کیا ہے، بین الاقوامی مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے، مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ فوری ختم کیا جائے، اس پیشرفت سے بھارت کافی نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوگیا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا بھارتی معیشت کا گراف گر رہا ہے، بھارت کسی حرکت کا ارتکاب کرسکتا ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ، وزیراعظم اور دفتر خارجہ کشمیر کا ترجمان بنا ہوا ہے، پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے میں متحرک متعدد جعلی ویب سائٹ کا سراغ ملنا بھی بڑی پیشرفت ہے، اس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کس طرح جھوٹے پراپیگنڈے کو پھیلانے کے لئے پیسہ اور وسائل خرچ کر رہا ہے۔