اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 7 نکاتی ایجنڈے پر غور ہو گا، کابینہ میں ملکی اور سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کور کمیٹی کے فیصلوں پر کابینہ کو بھی اعتماد میں لیں گے، قانونی ٹیم نواز شریف سے متعلق لاہور ہائی کورٹ فیصلہ پر رپورٹ دے گی، کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا نیا میمورینڈم بھی کابینہ میں پیش کیا جائے گا، کابینہ لاہور ہائی کورٹ فیصلہ کے خلاف اپیل سے متعلق بھی فیصلہ کرے گی۔
وفاقی کابینہ گزشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے سی پیک کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، قومی ٹیرف پالیسی پر بریفنگ دی جائے گی، نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری بھی ایجینڈے میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ میں وزارتوں اور محکموں میں سی ای او اور ایم ڈی کی خالی آسامیوں پر رپورٹ پیش کی جائے گی، وزارت انڈسٹریز میں چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی منظوری ایجنڈا میں شامل ہے، پاکستان انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن میں سی ای او کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔