اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایوان صدر میں اسد عمر نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا حلف لے لیا، صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سے حلف لیا۔
یاد رہے گزشتہ روز معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا، جس کے مطابق اسد عمر کو وفاقی کابینہ کا حصہ بناتے ہوئے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات (سپیشل انیشیٹو) کی وزارت کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کرتے ہوئے انہیں وفاقی وزیر پٹرولیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات کی ٹویٹ کے مطابق کابینہ میں توسیع اور قلمدان تبدیلی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کا بھی امکان ہے، مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو بھی مزید ایک ایک وزارت دی جا سکتی ہے۔