اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار سے انکی وزارت واپس لیکر انہیں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کا قلمدان دے دیا گیا۔
کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو دیدیا گیا۔
نوٹیفیکشن کے مطابق صاحبزادہ محبوب سلطان کو سیفران کا وفاقی وزیر بنا دیا گیا، صاحبزادہ محبوب سلطان سے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کا قملدان واپس لے لیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اسد عمر سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا حلف لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا جس کے مطابق اسد عمر کو وفاقی کابینہ کا حصہ بناتے ہوئے منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات (سپیشل انیشیٹو) کی وزارت کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔