اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس سیس آرڈیننس کے اجرا اور واپسی پر حکومت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے بعد کابینہ میں ردوبدل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق گیس ڈویلپمنٹ انفراسٹرکچر سیس آرڈیننس کی واپسی پر حکومت کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے بعد وفاقی کابینہ میں بیٹھی اہم شخصیات کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ تحریک انصاف نظریاتی گروپ نے بھی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے اندر موجود تحریک انصاف نظریاتی گروپ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو غلط مشورے دینے والوں کی وجہ سے حکومت کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ واجبات معافی کے لیے آرڈیننس لانے کا مشورہ دینے والے عناصر کا تعین کرکے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعظم کو تجویز دی گئی کہ مستقبل میں اہم معاملات پر فیصلوں کا جائزہ لینے کے لیے کور گروپ بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بڑا قدم اٹھانے سے پہلے اس کے تمام پہلوؤں پر غور کیا جا سکے۔