اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یر غمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش قابل مذمت ہے، رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے، کمیٹی چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہم اپنے موقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور بلا تفریق احتساب کے داعی ہیں، پوری قوم گواہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کسے صادق اور امین قرار دیا اور کون بددیانت ٹھہرا۔