اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے موقع پر حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔
العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت 25 نومبر کو ہوگی۔ نواز شریف نے 25 نومبر کی سماعت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ہارون ابراہیم ایڈووکیٹ کو بطور نمائندہ نواز شریف پیش ہونے کی اجازت دے۔
متفرق درخواست میں چیئرمین نیب اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق ہارون ابرہیم ایڈوکیٹ نواز شریف کے نمائندے کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہونگے۔ درخواست وکیل غلام سبحانی کے ذریعے دائر کی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 25 نومبر کو مرکزی اپیل پر سماعت کرے گا۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی بینچ میں شامل ہیں۔