اسلام آباد: (دنیا نیوز) تین ہفتے سے پمز ہسپتال میں زیر علاج آصف علی زرداری کی صحت میں بہتری نہ آ سکی، کمر درد بھی بڑھتا ہی جا رہا ہے، آج میڈیکل بورڈ نے ایک بار پھر ان کا معائنہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پمز میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت سنبھل نہ سکی۔ سابق صدر نے کمر درد کے باعث رات مشکل میں گزاری، صبح میڈیکل بورڈ نے ایک بار پھر ان کا معائنہ کیا، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے سکون آور ادویات بھی اب اثر نہیں کر رہیں جبکہ سابق صدر کی فزیو تھراپی بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے معاملے پر سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست کی سماعت 26 نومبر کو کرے گا۔ جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بنچ سماعت کریگا۔ آصف زرداری اور فریال تالپور نے مقدمہ کراچی سے اسلام اباد منتقلی کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔