اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے تین پاکستان بنا دیئے ہیں، تحریک انصاف کا ایک معیار اپنے لیے، دوسرا مخالفین جب کہ تیسرا سلیکٹرز کیلئے ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی جرم جہاں پر ہوا وہاں پر ہی ٹرائل ہوتا ہے، جو دوسروں کے لیے معیار ہو وہی ہمارے ساتھ ہونا چاہیے، سپریم کورٹ میں ہم انصاف کے لیے آئے ہیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا تحریک انصاف اور عمران خان نے تین پاکستان بنا دیئے ہیں، تحریک انصاف کا ایک معیار اپنے لیے، ایک مخالفین کے لیے اورایک سلیکٹرز کیلئے ہے، فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف متعصبانہ کاروائی کیوں مانگ رہی ہے، تحریک انصاف کا جھوٹ اس کے گلے پڑ جائے گا۔