لاہور: (دنیا نیوز) جوڈیشل کمیشن برائے ماحولیات کے اجلاس میں اہم فیصلے کر لیے گئے۔ جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی کہتے ہیں کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا داخلہ لاہور میں بند ہوگا۔ فضا آلودہ کرنے والی فیکٹریوں کو بھی چلنے نہیں دیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں چھائی فضائی آلودگی پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ واسا ہیڈ کوارٹرز گلبرک میں جوڈیشل کمیشن برائے ماحولیات کا اجلاس ہوا جس کی صدارت کمیشن کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی اکبر قریشی نے کی۔
محکمہ ماحولیات اور زراعت کے سیکرٹریز، ڈی جی، ڈی سی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ زہریلا دھواں چھوڑتی فیکٹریوں اور گاڑیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا داخلہ لاہور میں بند ہوگا۔ ایسی گاڑی دکھائی دینے پر اس کو 3 دن کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
سیکرٹری ماحولیات اور ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ کمیشن کے فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔ آلودگی کے خاتمے کے لیے شجر کاری مہم بھی جاری ہے۔
اجلاس میں محکمہ سکولز ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی کہ سکولوں میں طلبہ کو سموگ بارے آگاہی دی جائے۔