سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے فیصلے پر مہر ثبت کی، ندیم افضل چن

Last Updated On 29 November,2019 06:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف سے متعلق عدالتی فیصلے پر ترجمان وزیرعظم ندیم افضل چن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے اختیار کو تسلیم کیا اور ان کے فیصلے پر مہر ثبت کی ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ صورتحال کے نتیجے میں سیاسی استحکام پیدا ہوگا۔ دوران کیس جنرل باجوہ کی ذات پر بھی کوئی سوال نہیں اٹھا۔ پارلیمنٹ سپریم ہے اور قانون سازی ہی اصل ذمہ داری ہے۔

ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ منفی پراپیگنڈا کرکے غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ کچھ لوگ خاموش رہ کر بھی اشاروں، کنایوں میں بہت باتیں کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں عدلیہ، پارلیمنٹ، ایگزیکٹو اور فوج کے لئے اچھا دن ہے۔ اداروں کے آئینی حقوق کو تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے سے متعلق میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ 4 دن تک میڈیا اور اپوزیشن جماعتوں نے بصیرت سے کام لیا۔ ملکی جمہوریت اور آزادی اظہار کے لئے یہ کردار اہم ہے۔

Advertisement