کراچی: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا، اہم معاملات پر سوچ ایک، ووٹرز کی توقعات پر پورا اتریں گے۔
وزیر خارجہ کا ایم کیو ایم رہنماؤں کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں کہنا تھا کہ ہمیشہ حکومت پر تنقید کی جاتی ہے لیکن کریڈٹ نہیں دیا جاتا۔ تحریک انصاف نے فارن پالیسی میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ کشمیر مسئلے کو پوری دنیا میں اجاگر کیا جسے دنیا تسلیم کر رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی دوریاں نہیں، جب دو بھائی بیٹھتے ہیں تو آپس میں مکالمہ ہوتا ہے۔ ایم کیوایم اور ہماری نیت ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترامیم سے پہلے کہا جاتا تھا کہ ہمیں حق نہیں ملتا لیکن صوبائی حکومتوں نے اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت نے مشکلات کے دن گزار لیے، اب ہم امید کرتے ہیں ہمارے مطالبات پر عملدرآمد بھی ہوگا۔ ہم جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جمہوری حکومت بھی سندھ کے علاقوں کو توجہ دے۔ ایم کیو ایم کے تعاون کا سفر جاری رہے گا۔