الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری کا معاملہ، 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس

Last Updated On 03 December,2019 11:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے معاملے پر شیریں مزاری کی زیر صدارت 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔

 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی میں حکومتی و اپوزیشن اراکین کی تعداد مساوی ہے، پارلیمانی کمیٹی الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دے گی، وزیراعظم، اپوزیشن لیڈر نے رکن سندھ اور بلوچستان کیلئے 3،3 نام تجویز کر رکھے ہیں۔

 وزیراعظم نے رکن سندھ کیلئے جسٹس (ر) صادق بھٹی، جسٹس (ر) نورالحق قریشی کے نام دیئے تھے، بلوچستان کیلئے فیض محمد کاکٹر، میر نوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام تجویز کیے۔ شہبازشریف نے بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی، محمد رؤف، راحیلہ درانی کے نام دئیے۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا نام بھی جلد طے پا جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا اس معاملے پر کہنا ہے اپوزیشن لیڈرکی خواہش پر چیف الیکشن کمشنر نہیں لگایا جا سکتا، حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے متفقہ نام سامنے لائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ مجوزہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا امید ہے ڈیڈ لاک ختم ہو جائیگا۔