اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کارکے رینٹل منصوبے کا سیٹلمنٹ معاہدہ پیش کیا گیا۔ وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ ترک صدر طیب اردوان کی مداخلت سے پاکستان پر عائد 1 اعشاریہ 2 ارب کا جرمانہ ختم ہوا۔ کابینہ نے دس نکاتی ایجنڈے کی بھی منظوری دے دی۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ کارکے رینٹل کیس میں ملوث پاکستانی افسران نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اور سیکرٹری کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق کارکے کیس میں ملوث غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی۔ کابینہ نے آزاد جموں وکشمیر کے مالی سال 2019-20ء کے پراپرٹی بجٹ ، اسلام آباد میں کم سن بچوں کی عدالتوں کے قیام اور خواتین پراپرٹی حقوق آرڈیننس 2019ء کے نفاذ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اور کابینہ نے عالمی معاشی درجہ بندی میں بہتری پر معاشی ٹیم کی تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ معاشی ٹیم ملکی معیشت کو درست سمت پر لے آئی، قوم کو ملکی معیشت سے متعلق مزید اچھی خبریں ملیں گی۔